… مطالعہ کی میز سے
کتاب” تم جیت سکتے ہو “کا تعارف
امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی✍️
کامیاب لوگ کوئی الگ کام نہیں کرتے بلکہ ہر کام کو ایک منفرد انداز میں انجام دیتے ہیں۔
کتاب سے پہلی ملاقات
یہ ٹیگ لائن” تم جیت سکتے ہو“ کے مصنف جناب شیو کھیڑا صاحب کا مرکزی خیال ہے اور اسی کو بنیاد بنا کر انہوں نے یہ کتاب لکھی ہے؛ سال ٢٠٢١ء ء کی بات ہے، دربھنگہ میں معروف عالم دین مفتی آفتاب غازی صاحب سے ملاقات ہوئی؛ دورانِ گفتگو انہوں نے مجھ سے کہااگر دہلی میں” تم جیت سکتے ہیں“ کتاب کا اردو نسخہ مل جائے تو ضرور بتائیں، طلبہ کے لیے کثیر تعداد میں درکار ہے؛ یہ نام میرے لیے بالکل نیا تھا لیکن اس کا عنوان کچھ ایسا منفرد تھا کہ پڑھنے کی خواہش جاگ اٹھی۔
شیو کھیڑا کا تعارف
دہلی پہنچتے ہی دریا گنج گیا اور کتاب کی تلاش شروع کی، اردو نسخہ تو نہ ملا لیکن ہندی ترجمہ ہاتھ آ گیا؛ جیسے ہی پڑھنا شروع کیا اس میں ایسا ڈوبا کہ جب تک مکمل نہ کر لیا، چین نہ آیا؛ شیو کھیڑا ایک ہند نژاد امریکی کامیاب کاروباری شخصیت کے مالک ہیں اور ” کوالیفائیڈ لرننگ سسٹمز ان کارپوریٹڈ“کے بانی ہیں؛موصوف ایک مصنف، استاد، کاروباری مشیر اور موٹیویشنل اسپیکر ہیں؛ سولہ کتابوں کے مصنف ہیں، جس میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ بکنے والی کتابوں میں سے ایک” یُوْ کَیْنْ وِن (you can win) “بھی شامل ہے۔
کتاب کی مقبولیت
مصنف نے یہ کتاب اپنی والدہ کے نام معنون کی ہے، جنہوں نے اُن کی فکری تربیت اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا؛ کتاب انگلش زبان میں لکھی گئی ہے مگر پچیس زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے اور تینتیس ملین سے زیادہ فروخت ہو چکی ہیں؛ پاکستان میں اس کا اُردو ترجمہ بھی محمد احسن بٹ صاحب نے کیا ہے جو آن لائن دستیاب ہے؛ ہندوستان میں اس کا اُردو ترجمہ نہیں ہوا، اس حقیر نے شروع کیا تھا اور تقریباً پچاس صفحے کئے بھی تھے مگر پھر غفلت کی نظر ہو گئی؛ کتاب کئی ظاہری و معنوی خصوصیات کی حامل ہے اور ہر عمر کے لوگوں کے لیے قابلِ مطالعہ ہے۔
کامیابی کا مطلب
اس کتاب کا مقصد لوگوں کو ان کی حقیقی صلاحیتوں کا احساس دلانا اور انہیں خود اعتمادی و خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد کرنا ہے؛ کتاب میں زندگی کے ان اصولوں پر بحث کی گئی ہے جو ایک بھرپور اور کامیاب زندگی کا نقشہ پیش کرتی ہے؛ یہ ان تمام افراد کے لیے ہے جو اپنی زندگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں لیکن سمت کے تعین میں دشواری محسوس کرتے ہیں؛ کتاب بتاتی ہے کہ کامیابی کا مطلب صرف مقصد کا حاصل کرنا نہیں بلکہ اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کا بھرپور اور مفید و مثبت استعمال کرنا ہے۔
کامیابی کے رہنما اصول
یہ کتاب کامیابی کے اصولوں پر مشتمل ایک ایسا رہنما ہے جو قاری کی سوچ، عمل اور طرزِ زندگی کو مثبت سمت میں موڑ سکتا ہے؛ یہ کتاب ہمیں سکھاتی ہے کہ کامیابی صرف بیرونی حالات پر منحصر نہیں بلکہ ہماری سوچ، رویے اور عادتوں پر موقوف ہے؛ یہ زندگی کو سنوارنے کا ایک مکمل اور عملی راستہ پیش کرتی ہے جو ہر خاص و عام کے لیے مشعلِ راہ ہے؛ اس میں مصنف نے کامیابی کے اصول نہ صرف بیان کیے ہیں بلکہ ہر نکتہ کے ساتھ تجربات، واقعات اور مثالیں دی ہیں جو قاری کو عملی رہنمائی فراہم کرتے ہیں؛ یہ کتاب قاری کی سوچ، رویے اور عادتوں کو ایک مثبت اور نتیجہ خیز رخ دیتی ہے۔
کتاب سے استفادہ کیسے؟
یہ کتاب یکبارگی مطالعہ سے فائدہ نہیں دے گی، بہتر یہی ہے کہ اسے مرحلہ وار پڑھا جائے، ہر باب پر غور کیا جائے، اہم نکات کو نشان زد کیا جائے اور اس پر سنجیدگی سے غور و فکر کیا جائے؛ اسے صرف پڑھنے کی کتاب نہ سمجھیں بلکہ ایک عملی دفتر تصور کریں، جس سے سیکھ کر اپنی زندگی میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے؛ کتاب کا سب سے اہم سبق یہ ہے کہ ” انسان اپنی جسمانی یا ذہنی کمزوریوں کو بھی محنت، حوصلے اور صحیح رہنمائی سے شکست دے سکتا ہے“۔
یہ حقیر گاہے بگاہے کتاب سے استفادہ کرتا رہتا ہے،آج بھی پڑھتے پڑھتے ہی خیال آیا کہ مختصر تعارف لکھ دوں تا کہ آپ بھی مطالعہ کریں اور اپنی زندگی کو اپنے لیے اور اپنوں کے لیےآسان، بہتر اور کامیاب بنائیں؛ خواہش مند دوست چاہیں گے تو میں ان کے پرسنل پر ہندی- اُردو دونوں نسخے پی ڈی ایف میں بھیج دوں گا۔