*اللہ باقی، باقی سب فانی*
*اللہ باقی، باقی سب فانی*

*اللہ باقی، باقی سب فانی*

امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی

ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے تاریخی ورلڈ کپ فائنل سے متعلق ایک ویڈیو نظر سے گزری، ایک طرف لیونل میسی تھا جس کے نام کی گونج برسوں تک فٹبال کے میدانوں، اسٹیڈیموں اور کروڑوں دلوں میں سنائی دیتی رہی؛ دوسری طرف ایک ابھرتا ہوا نوجوان ستارہ یمال جو محبت اور احترام کے ساتھ اُس عظیم کھلاڑی کو گلے لگا کر تسلی دے رہا تھا؛ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا تھا

*فٹبال کا ایک سورج میسی غروب ہو رہا ہے اور دوسرا سورج یمال طلوع ہو رہا ہے۔*

یہ جملہ پڑھ کر یوں محسوس ہوا جیسے یہ صرف فٹبال کی کہانی نہیں، پوری دنیا کی کہانی ہے؛ دنیا کا آسمان ہمیشہ ایسا ہی رہا ہے، یہاں سورج نکلتے ہیں، روشنی بکھیرتے ہیں، نگاہوں کا مرکز بنتے ہیں، پھر ایک دن افق کے پیچھے اتر جاتے ہیں، ان کی جگہ نئے سورج نمودار ہو جاتے ہیں؛ کل جن کے نام پر مجمع دیوانہ وار جھومتا تھا، آج وہ یادوں کا حصہ ہیں اور آج جن کے تذکرے ہر زبان پر ہیں، کل اُن کی جگہ بھی کوئی اور لے لے گا۔

یہ قانون صرف کھیل کے میدانوں کا نہیں، اقتدار کے ایوانوں، علم کے حلقوں، تجارت کی دنیا اور زندگی کے ہر شعبے کا ہے؛ وقت کسی کے لیے نہیں رکتا، وہ تاج چھین لیتا ہے، تخت بدل دیتا ہے، شہرت کے مینار گرا دیتا ہے اور نئے ناموں کو سرِ فہرست لے آتا ہے۔

انسان اپنی کامیابیوں پر ناز کرتا ہے، اپنی مقبولیت کو دوام سمجھتا ہے، اپنے عروج کو ہمیشہ رہنے والا خیال کرتا ہے مگر وقت خاموشی سے کان میں کہتا رہتا ہے:

*یہ بھی گزر جائے گا*

پھر ایک دن وہی شخص جس کے گرد دنیا گھومتی محسوس ہوتی تھی، تاریخ کے ایک باب میں سمٹ جاتا ہے۔

ایسے مناظر دیکھ کر دل بے اختیار اُس ابدی حقیقت کی طرف متوجہ ہوتا ہے جسے قرآن نے چند الفاظ میں بیان کر دیا: *﴿كُلُّ مَنْ عَلَيْهَا فَانٍ ۝ وَيَبْقَىٰ وَجْهُ رَبِّكَ ذُو الْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ﴾ زمین پر جو کچھ ہے سب فنا ہونے والا ہے اور باقی صرف آپ کے رب کی ذات ہے جو جلال اور بزرگی والی ہے۔*

 

پس حقیقت یہ ہے کہ سورج بدلتے رہیں گے، ستارے چمکتے اور بجھتے رہیں گے، نام ابھرتے اور مٹتے رہیں گے، نسلیں آتی اور جاتی رہیں گی مگر ایک ذات ایسی ہے جس پر کبھی خزاں نہیں آتی، جسے کبھی زوال نہیں چھوتا، جس کے لیے نہ غروب ہے نہ فنا وہ *اللہ* اور وہی باقی رہنے والی ذات ہے، باقی سب فانی۔

 

https://alamir.in/asaatza-e-madaaris-ke-maashi-istehkaam-ki-fikr-kijye/

Translate »