ای آفس-رہنمائے کار گائیڈ

*تعارف کتابچہ*

​بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
نحمده ونصلي ونسلم على رسوله الكريم، أما بعد:

​عصرِ حاضر میں سرکاری دفتری امور اور ریاستی نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کرنے، وقت کی بچت اور دفتری کارروائی میں مثالی شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے؛ اسی مقصد کے پیشِ نظر حکومتِ بہار کی شبانہ روز کاوش ہے کہ ریاست کے تمام تر محکموں اور جملہ سرکاری دفاتر میں ای-آفس (e-Office) کے نظام کو جلد از جلد اور بلا تعطل رو بہ عمل لایا جائے؛ حکومت کے اس پختہ عزم کا واضح ثبوت یہ ہے کہ نئے بحال ہونے والے تمام اعلیٰ سے ادنیٰ افسران و ملازمین کو باضابطہ محکمہ جاتی ٹریننگ کے دوران ای-آفس کے عملی استعمال کی لازمی تربیت دی جا رہی ہے۔
​راقم الحروف کے ضلع مدھوبنی میں ایک سال سے زائد عرصہ سے ای-آفس کا نظام مکمل طور پر نافذ ہے، ضلع ہیڈ کوارٹر (کلکٹریٹ) سے لے کر نچلی سطح کے جملہ ذیلی دفاتر (سب ڈویژنز، بلاکس اور انچل) تک میں کسی بھی قسم کے کام کے لیے فائلوں پر تمام تر کارروائی اب آن لائن اور ڈیجیٹل انداز میں انجام پاتی ہے؛ فائلوں پر کام اب روایتی کاغذی ہارڈ کاپی کے بجائے سافٹ کاپی پر منتقل ہو چکا ہے اور یہ حقیر بھی اس نظام پر روزمرہ دفتری خدمات انجام دے رہا ہے، جس سے اندازہ ہوا کہ ای آفس پر کام آسان اور سہل ہے۔
​راقم نے شدت سے محسوس کیا کہ عملی طور پر یہ آسان ہے مگر ذرا پیچیدہ ہے اور اگرچہ ای-آفس پر کام کرنے کے ضوابط اور اس کی مرحلہ وار رہنمائی کے لیے ہندی اور انگریزی زبانوں میں کتابچے دستیاب ہیں لیکن اردو داں کے لیے اردو میں رہنمائے کار پر مشتمل کتابچہ کا فقدان ہے، جس وجہ کر دفتری اصطلاحات کی تفہیم اور تکنیکی پیچیدگیوں کے باعث اردو عملے کے لیے بعض اوقات الجھن پیدا ہوتی تھی؛
​چنانچہ راقم الحروف نے سوچا کہ سرکاری کتابچے کی روشنی میں اور اپنے عملی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اگر اس کا ایک سلیس، با محاورہ اور تصویری اردو کتابچہ مرتب کر دیا جائے تو ہمارے اردو ملازمین کے لیے دفتری امور کی انجام دہی میں سہولت ہو جائے گی، زیرِ نظر کتابچہ اسی جذبے کا ثمرہ ہے۔
​امید ہے کہ یہ ادنیٰ کاوش دفتری رفقاء کے لیے مفید ثابت ہوگی انشاء اللہ العزیز۔

امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی

Translate »