مدارس پر منڈلاتے خطرات اور ہمارے بھاری بھرکم اجلاسوں کا حاصلِ لا حاصل

مدارس پر منڈلاتے خطرات اور ہمارے بھاری بھرکم اجلاسوں کا حاصل — امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی کا تجزیاتی کالم۔
مدارس پر منڈلاتے خطرات اور ہمارے بھاری بھرکم اجلاسوں کا حاصل — امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی کا تجزیاتی کالم۔

مدارس پر منڈلاتے خطرات اور ہمارے بھاری بھرکم اجلاسوں کا حاصلِ لا حاصل

     ✍️امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی

ملک کی مختلف ریاستوں میں اس وقت حکومتی امداد یافتہ (ملحقہ) اور آزاد نظامیہ مدارس ملت دشمن عناصر کے مسلسل نرغے میں ہیں۔ ریاستی طاقت کے بل بوتے پر ان دینی و تہذیبی قلعوں کو بڑے پیمانے پر ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ایک منظم منصوبے کے تحت ان کی تابناک تاریخ، علمی وراثت اور وجود کو مٹانے کی سازشیں عروج پر ہیں۔؛ تشویش کا مقام یہ ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ہماری اپنی ریاست کی فضاؤں میں بھی اس طوفان کی چاپ اور خطرے کی بھنک صاف محسوس کی جا رہی ہے؛ اس مذموم مہم کے پہلے مرحلے کے طور پر مدارس کو” غیر مفید“ اور”غیر منظم“  باور کرانے کا بیانیہ تراشا جا رہا ہے، جو دراصل مدارس کو درپیش سنگین چیلنجز کی پہلی سیڑھی ہے اور مستقبل کے ایک بھیانک منظرنامے کی طرف کھلا اشارہ کر رہی ہے۔

ایسے نازک اور پرآشوب عہد میں دارالعلوم دیوبند کے زیرِ اہتمام”رابطہ مدارسِ اسلامیہ“ کا اجلاس اور گزشتہ کل”امارتِ شرعیہ“ کے پرچم تلے منعقد ہونے والا”مدارس کنونشن“، مدارس کے سر پر منڈلاتے خطرات کے تدارک اور پیشگی صف بندی کے نقطۂ نظر سے بلاشبہ وقت کی ایک اہم اور ناگزیر آواز تھی؛ ظاہری حجم، شرکاء کے جمِ غفیر، تجاویز کی طویل فہرست اور زیرِ بحث لائے گئے سلگتے نکات کے پیمانے پر تو یہ اجتماع بظاہر بے حد کامیاب اور پُرشکوہ نظر آیا لیکن جب ہم ظاہری ہنگاموں سے ہٹ کر معنوی اثر انگیزی اور عملی نتائج کے زاویے سے ماضی کے آئینے میں جھانکتے ہیں تو یہ حقیقت تسلیم کرنے میں کوئی جھجھک باقی نہیں رہتی کہ یہ کنونشن بھی محض ایک رسمی سرگرمی اور وقتی ابال بن کر رہ جائے گا؛ جیسا کہ پہلے بھی اس نوعیت کی بڑی بڑی کانفرنسوں اور اجلاسوں میں اس درجنوں خوش نما قراردادیں اور اصلاحی تجاویز منظور کی جا چکی ہیں مگر زمینی سطح پر ان کے نفاذ اور عمل درآمد کا تناسب دیکھا جائے تو وہ آج بھی عملاً”صفر“ ہے؛ ماضی کے اسی تلخ اور بے ثمر تجربے کی روشنی میں یہ کہنا ہرگز بے جا نہ ہوگا کہ یہ بھاری بھرکم اجتماع بھی بالآخر نشستن، گفتن، خوردن و برخاستن کی روایتی مشق سے آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

اس دائمی جمود اور بے عملی کا ایک بڑا سبب خود ہمارے صفِ اول کے قائدین کے قول و عمل کا کھلا تضاد ہے، جو حضرات اس طرح کے عظیم الشان پروگراموں میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اسٹیج کی زینت بنتے ہیں اور اصلاحِ احوال کے بلند بانگ اعلانات کرتے ہیں، وہ خود اپنے ماتحت چلنے والے اداروں اور اپنے ملازمین و اساتذہ کے حق میں ان منظور شدہ قراردادوں کو نافذ کرنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے؛ جب میرِ کارواں اور صفِ اول کے رہنماؤں کا اپنا عملی رویہ ہی ان طے شدہ اصولوں کے برعکس ہو تو دیگر مدارس کے منتظمین اور وابستگان پر ان کھوکھلی تجاویز کا کیا اثر مرتب ہو سکتا ہے؟

تصویر کا ایک اور تلخ رخ یہ بھی ہے کہ ان ہنگامہ خیز پروگراموں میں پیش پیش رہنے والے بیشتر عناصر کے پیشِ نظر مدارس کی داخلی اصلاح یا نظام کی پختگی ہوتی ہی نہیں؛ بلکہ ان کا اصل ہدف عوام میں اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینا اور مالی آمد و چندے کے ذرائع کی کھسکتی ہوئی زمین کو جلسوں کے تام جھام اور مصنوعی جاہ و جلال کے ذریعے اپنے پاؤں تلے باقی رکھنا ہوتا ہے؛ چنانچہ اصلاح کے نام پر سجائی جانے والی یہ محفلیں درحقیقت عوامی اعتماد کی بحالی اور مالی وراثت کے تحفظ کا ایک نمائشی حربہ بن کر رہ گئی ہیں۔

علاوہ ازیں ایسے اجتماعات کے روحِ رواں بننے والوں کے پیشِ نظر یہ مقصد بھی کارفرما ہوتا ہے کہ سادہ لوح عوام کو جذباتی نعروں کے سراب میں رکھ کر اپنا سیاسی اثر و رسوخ مستحکم کیا جائے؛ ان بڑے اجتماعات کے ذریعے دراصل ایوانِ اقتدار اور اربابِ حکومت تک یہ پیغام پہنچانا مقصود ہوتا ہے کہ ہمارے پیچھے ایک بڑی بھیڑ اور عوامی طاقت موجود ہے، لہٰذا ہمیں سیاسی وزن دیا جائے اور ہمارے ذاتی و گروہی مفادات کی تکمیل کی جائے۔

جب مقاصد میں اس درجے کی مصلحت کوشی ہو اور عمل کا خانہ یکسر خالی ہو تو ایسے بھاری بھرکم پروگراموں پر ہونے والے خطیر اخراجات اور تمام تر تگ و دو کو قوم کے وقت، سرمائے اور توانائیوں کے ضیاع کے سوا اور کیا نام دیا جا سکتا ہے؟

https://alamir.in/digital-era-urdu-implementation/

Translate »