ڈیجیٹل دور میں اردو کا عملی نفاذ

ڈیجیٹل دور میں اردو  کا عملی نفاذ

امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی✍️ 

ہر سال ۹ نومبر کو علامہ اقبال کے یومِ ولادت پر ’عالمی یومِ اردو‘ کا روایتی ہنگامہ برپا ہوتا ہے، ڈیجیٹل اسکرینوں پر اسٹیٹس سجائے جاتے ہیں، چند روایتی مجالس میں پُرجوش تقاریر ہوتی ہیں، حکومتوں کی بے اعتنائی کا رونا رویا جاتا ہے اور مطالبات کی لمبی فہرستیں دہرا کر ہم یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ مادری زبان کا حق ادا ہو گیا مگر اس پورے شور میں شاذ و نادر ہی یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ بحیثیتِ قوم اور معاشرہ، ہم نے خود اپنی زبان کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے؟ اقبال نے کہا تھا…ع

شکوۂ ظلمتِ شب سے تو کہیں بہتر تھا 
اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے

​تاریخ کا مسلمہ اصول ہے کہ زبانیں محض سرکاری فرامین، آئینی دفعات یا گزٹ نوٹیفیکیشنز سے زندہ نہیں رہتیں؛ ریاست کسی زبان کو تحفظ فراہم کر سکتی ہے لیکن اس کی سانسیں اس کے بولنے والوں کے رویوں، گھریلو ماحول، روزمرہ گفتگو، تجارت اور معاصر ٹیکنالوجی کے برتاؤ سے چلتی ہیں؛ اگر عوام خود اپنی زبان سے دستبردار ہو جائیں تو دنیا کی کوئی حکومت اسے زندہ نہیں رکھ سکتی۔

​آج کے ڈیجیٹل اور انٹرنیٹ کے دور میں جہاں معلومات کا سیلاب ہماری انگلیوں پر ہے، اردو زبان کے عوامی نفاذ میں ہماری کیا کوتاہیاں ہیں اور ان کا عملی تدارک کیسے ممکن ہے؟ آئیے! دیانتداری کے ساتھ اپنا محاسبہ کریں۔

:عوامی سطح پر ہماری کوتاہیاں اور فکری المیے

:١.. احساسِ کمتری اور غیر ضروری انگریزیت

​ہماری سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم نے شعوری یا لاشعوری طور پر زبان کو طبقاتی وقار اور علم کا پیمانہ بنا دیا ہے، گھروں میں بچوں سے ٹوٹی پھوٹی انگریزی بولنے کو فخر اور شستہ اردو بولنے کو پسماندگی کی علامت سمجھ لیا گیا ہے؛ نجی اسکولوں کے اس دباؤ نے ہماری نئی نسل کو نہ صرف اپنی مادری زبان سے کاٹ دیا ہے بلکہ وہ اپنے شاندار ادبی اور اخلاقی سرمایے سے بھی بیگانہ ہو گئی ہے۔

:٢… رومن رسم الخط کا کینسر

​ڈیجیٹل دور کا سب سے ہلاکت خیز فتنہ ”رومن اردو“ ہے، سوشل میڈیا، فیس بک اور واٹس ایپ پر اردو کے جملے انگریزی حروف میں لکھنے کی ایسی عام وبا پھیلی ہے جس نے نئی نسل سے اردو کا رسم الخط ہی چھین لیا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ رسم الخط کسی بھی زبان کا لباس اور روح ہوتا ہے؛ جب رسم الخط مٹتا ہے تو زبان کا ذخیرۂ الفاظ، اس کی املا اور اس کا فکری ربط دم توڑ دیتا ہے؛ جس قوم کے نوجوان اپنی زبان کا رسم الخط نہ پڑھ سکیں، وہ چند سالوں میں اپنی تاریخ اور ادب سے مکمل کٹ جاتے ہیں۔

:٣… تجارتی، معاشی اور سماجی بے حسی 

​ہمارے بازار، دکانیں اور تجارتی مراکز ہماری بے حسی کا کھلا ثبوت ہیں؛ جن بستیوں اور شہروں میں ۹۰ فیصد آبادی اردو داں ہے، وہاں بھی دکانوں کے سائن بورڈز، اشتہارات اور نجی رسیدوں پر اردو کا نام و نشان نہیں ملتا حتیٰ کہ ہمارے گھروں کے نام، شادی بیاہ کے دعوتی رقعے اور تعزیتی پیغامات تک انگریزی میں چھپوانا فیشن بن چکا ہے؛ اگر ہم خود اپنی تجارت اور معاشرت میں اردو کو جگہ نہیں دیں گے تو غیروں سے اس کے نفاذ کی توقع رکھنا سراسر خود فریبی ہے۔

: ٤…مطالعے اور خریداری کے کلچر سے فرار

​زبان کی بقا کا دارومدار اس کی معیشت پر ہے، اردو ادیب، شاعر، صحافی اور ناشر اس وقت شدید ترین معاشی دباؤ میں ہیں کیونکہ ہمارا معاشرہ کتاب اور اخبار خریدنے کے کلچر سے محروم ہو چکا ہے؛ ہم ہزاروں روپے تفریح پر خرچ کر سکتے ہیں لیکن گھر میں ایک اردو اخبار، بچوں کا رسالہ یا ادبی کتاب لانے کا بجٹ ہمارے پاس نہیں ہوتا؛ مفت پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کرنے یا فیس بک کی سستی شاعری پر داد دینے سے کوئی ادبی معیشت پروان نہیں چڑھ سکتی۔

:٥…عوامی حقوق اور قانونی اختیارات سے چشم پوشی

​بہار اور دیگر ریاستوں میں جہاں اردو کو سرکاری یا دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے، وہاں شہریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ تھانوں، ریلوے، بینکوں، بلاک اور کلکٹریٹ میں اردو میں درخواستیں جمع کریں لیکن حقیقت یہ ہے کہ سال بھر میں کسی سرکاری دفتر میں چند درخواستیں بھی اردو میں موصول نہیں ہوتیں؛ جب عوام ہی اپنے آئینی حق کا استعمال نہیں کرے گی تو انتظامیہ پر اردو عملے اور وسائل کو متحرک کرنے کا کوئی دباؤ باقی نہیں رہتا​

:عوامی سطح پر نفاذ کا لائحۂ عمل

​اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ اردو زندہ رہے اور ترقی کرے تو شکوہ شکایات چھوڑ کر ہمیں فوری طور پر درج ذیل عملی اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا:

:١…موبائل اور اسکرین پر اردو رسم الخط کی واپسی

​اپنے اسمارٹ فونز میں فوری طور پر اردو کی بورڈ انسٹال کریں، واٹس ایپ اور فیس بک پر رومن کے بجائے لازماً اپنے اصل رسم الخط میں لکھنے کا عہد کریں؛ یاد رکھیے کہ گوگل وائس ٹائپنگ کے ذریعے اب لکھنا اتنا آسان ہو چکا ہے کہ آپ منہ سے بولتے جائیں اور موبائل باقاعدہ اردو املا کے ساتھ سیکنڈوں میں تحریر لکھتا جائے گا، ٹیکنالوجی نے عذر کی کوئی گنجائش باقی نہیں چھوڑی ہے۔

:٢…گھر کو اردو زبان کی بنیادی تجربہ گاہ بنائیں

​گھر کا ماحول ایسا ہو جہاں اردو ادب، گفتگو اور اخلاق کا چرچا ہو؛ بچوں کو ابتدائی عمر میں اردو کی بنیادی کتابیں، حروف کی پہچان اور املا سکھانا والدین کا اولین فریضہ ہونا چاہیے؛ گھروں میں بچوں کے رسائل (جیسے امنگ، بچوں کی دنیا، پھول وغیرہ) باقاعدگی سے منگوائے جائیں تاکہ ان کی آنکھوں کو اپنے رسم الخط سے محبت ہو۔

:٣…تجارتی سائن بورڈز اور دعوتی کارڈز پر اردو کا نفاذ

​ایک عوامی مہم کے طور پر اپنی دکانوں، دفاتر، کارخانوں اور مکانات کی تختیوں پر اردو زبان کو جلی اور خوبصورت خطاطی میں لکھوائیں؛ شادی کارڈز اور تمام نجی تقریبات کے دعوت ناموں میں کم از کم ایک صفحہ باوقار اردو کے لیے مختص کریں، بازار کی قوت جب اردو کو قبول کرے گی تو زبان کو معاشی توانائی ملے گی۔

:٤…سرکاری و عوامی دفاتر میں اردو درخواستوں کا رواج

​اپنے روزمرہ مسائل، عریضے، میونسپل شکایات اور سرکاری دفاتر کے خطوط صرف اور صرف اردو میں لکھ کر جمع کروائیں؛ جب ایک ضلع کے کلکٹریٹ یا بلاک میں روزانہ سینکڑوں درخواستیں اردو میں پہنچیں گی تو افسران اردو مترجمین کی اہمیت کو سمجھیں گے اور سرکاری سطح پر اس زبان کا نفاذ مجبوری بن جائے گا۔

:٥…علمی اداروں اور ناشرین کی عملی سرپرستی

​ماہانہ بجٹ میں کم از کم ایک معیاری اردو کتاب یا جریدہ خریدنے کو لازمی قرار دیں، مقامی سطح پر چھوٹی لائبریریاں اور بک کلب قائم کریں؛ اگر ہمارے ہر محلے میں ۱۰ لوگ بھی اردو کتابیں خریدنے والے بن جائیں تو اردو اشاعت کا پورا منظرنامہ بدل سکتا ہے۔

:​حاصلِ گفتگو

​حکومتوں اور اکادمیوں کے گلے شکوے اپنی جگہ بجا لیکن زبانوں کی اصل سلطنت ایوانِ اقتدار نہیں بلکہ عوام کا دل، ان کا ذہن اور ان کی زبان ہوتی ہے؛ اگر ہم نے اپنے گھر، اپنی دکان، اپنے موبائل کی اسکرین اور اپنی عوامی زندگی سے اردو کو دیس نکالا دے دیا تو کل تاریخ کے کٹہرے میں سب سے بڑے مجرم ہم خود ہوں گے؛ 
​یومِ اقبال کا حقیقی پیغام اپنی شناخت پر فخر کرنا اور خود انحصاری اپنانا ہے، آئیے! اس عالمی یومِ اردو کے موقع پر ہم ہر قسم کے شکوے کو بالائے طاق رکھ کر یہ عہد کریں کہ ہم اپنی زبان کو نہ صرف بولیں گے بلکہ اسے لکھیں گے، رسائل و جرائد خریدیں گے اور بقدرِ وسعت پر اپنی زبان کے فروغ کے تمام ممکن اقدامات کا حصہ بنیں گے، یہی زبان کی بقا کا واحد اور حتمی راستہ ہے۔

 

https://alamir.in/apni-baat/

Translate »