مصنوعی ذہانت کی قسمیں
امیر معاویہ قاسمی دربھنگوی✍️
:مصنوعی ذہانت
گزشتہ تحریر میں مصنوعی ذہانت کی تعریف اور اس کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی تھی،آج ہم اس پر روشنی ڈالیں گے کہ مصنوعی ذہانت کی کتنی قسمیں ہیں؟ اور ان کا استعمال کن مقاصد کے لیے کیا جا سکتا ہے؟ چونکہ مصنوعی ذہانت انتہائی تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا ایک ایسا سائنسی ٹیکنالوجی ہے جو انسانی زندگی کے تقریباً تمام شعبوں پر اثر انداز ہو رہا ہے؛ اس لئے اس کی حقیقت تک رسائی حاصل کرنا چاہئے اور اس کے مفید استعمال کے طریقوں کو جاننا چاہئے؛اسی مقصد کے تحت اردو داں طبقہ تک معلومات بہم پہنچانے کے لیے یہ تحریر لکھی جا رہی ہے، آئیے! مصنوعی ذہانت کی چند قسموں کی تفصیلات جانتے ہیں۔
:مشین لرننگ
مشین لرننگ آرٹیفیشیل انٹیلیجنس کی ایک قسم ہے جو مشینوں میں موجود معلومات سے نئے معلومات حاصل کرنے اور نئے کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے؛ اس کا استعمال بہت سے ایپلیکیشنزکے بنانے میں کیا جاتا ہے اور اس کی مدد سے ایپلیکیشن زیادہ بہتر طریقے پر کام کرتا ہے، مشین لرننگ کے استعمال کی کچھ مثالیں یہ ہیں۔
تبصرہ: مشین لرننگ کا استعمال تبصروں کی درجہ بندی کرنے کے لیے کیا جا تا ہے، کسی چیز کے متعلق مختلف طرح کے تبصرے ہوں تو یہ انہیں مثبت، منفی یا جانبدار اور غیر جانبدار کے طور پر خود بخود درجہ بندی کردیتی ہے۔
تشخیص امراض: مشین لرننگ کا استعمال طبی تصاویر کی جانچ کرکے بیماریوں کی شناخت کے لیے کیا جاتا ہے ، اس کا استعمال مختلف قسم کے استعمال ہونے والے جدید طبی آلات میں ہوتا ہے ،جو پیچیدہ امراض کی شناخت کرکے علاج و معالجہ میں سہولت فراہم کرتی ہے،بالخصوص کینسر اور اس قسم کی مہلک بیماریوں کی جانچ وغیرہ میں اس کا استعمال کثرت سے ہے۔
خود کار گاڑیاں: مشین لرننگ کا ایک استعمال بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں میں ہوتا ہے، یہ اپنے آس پاس کی دنیا اور روٹ و ٹریفک کے اصولوں کو سمجھ کر گاڑی کو صحیح سمت میں بحفاظت چلانے میں معاون ہوتا ہے، آج کل گاڑی بنانے والی کمپنیاں خود کار گاڑیاں بنا رہی ہیں اور اس میں اسی ایپلیکیشن کا استعمال کر رہی ہیں ۔
:نئ زبان کی شناخت
یہ مصنوعی ذہانت کی وہ قسم ہے جس میں مشینوں کو انسانی زبان کو سمجھنے، اور اس پر کارروائی کرنے کے قابل بناتی ہے؛ یہ مشینیں انسان کی زبان کو سمجھ کر انسان کے مطالبہ کے مطابق ردعمل دیتی ہیں، مثلاً آپ انگلش نہیں جانتے ہیں اور کوئی پیغام آپ انگلش میں دینا چاہتے ہیں تو آپ اپنی زبان میں وہ پیغام دیدیں، یہ مشین اسے انگریزی میں چند لمحوں میں ترجمہ کردے گا اور یوں آپ کا کام آسان ہو جائے گا؛ اسی مشین کا استعمال ترجمہ کرنے والے ایپلیکیشن، بات چیت کرنے والے روبوٹس اور متن کی تخلیق کرنے والے ایپلیکیشن میں ہو تا ہے، نئی زبان کی شناخت والی مشین کے استعمال کی کچھ مثالیں یہ ہیں۔
ترجمہ: زبان کی شناخت کا استعمال متن کو ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے کیا جاتا ہے،یعنی آپ کسی بھی زبان کے مضامین اپنی مطلوبہ زبان میں چند لمحوں میں اس کی مدد سے کر سکتے ہیں۔
بات چیت کرنے والے روبوٹس: زبان کی شناخت مشین کا استعمال بات چیت کرنے والے روبوٹس میں انسانی زبان کو سمجھنے اور اس کے سوالات کے جوابات دینے کے کام میں لایا جاتا ہے ۔
متن کی تخلیق: زبان کی شناخت کا ایک استعمال مضمون نگاری، خبروں کی ترتیب اور ای میل ترسیل میں ہوتا ہے، اس کی مدد سے آپ کسی بھی عنوان پر مضمون تیار کر سکتے ہیں، خبروں کو ترتیب وار مرتب کر سکتے ہیں، ای میل تیار کر کے بھیج سکتے ہیں اور اس کا جواب دے سکتے ہیں اور یہ سب کام اس مشین سے آپ چند لمحوں میں لے سکتے ہیں۔
:مصنوعی شعور
مصنوعی ذہانت کی یہ وہ قسم ہے جو مشینوں کو انسانی خصوصیات جیسے احساس و شعور کا حامل بناتا ہے، اس کا مطلب ہے کہ یہ مشین کی وہ قسم ہے جو بعینہ انسان کی طرح خوشی و غم،سرد و گرم اور اچھا برا محسوس کرکے اسی کے مطابق رد عمل کرنے کا اہل ہوتا ہے؛ مصنوعی شعور ایک نیا شعبہ ہے، اس میں ابھی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور اس کے عواقب و نتائج پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور تحقیق جاری بھی ہے۔
:مصنوعی ہمدردی
یہ مصنوعی ذہانت کی وہ قسم ہے جو مشینوں کو انسانی جذبات کے سمجھنے اور ان کا جواب دینے کے قابل بناتا ہے؛اس کا استعمال ایسے روبوٹ کے تیار کرنے میں کیا جاتا ہے جو انسان کے درد کو محسوس کر سکتا ہو اور اسے تسلی دے سکتا ہو یا ضرورت کے وقت اس کی مدد کر سکتا ہو؛ ایسے ہی اس کا استعمال ان ایپلیکیشنز میں بھی کیا جاتا ہے جن سے صحت کی دیکھ بھال، تعلیم و تعلم اور عوامی خدمات جیسے کام لئے جاتے ہیں ۔
:مصنوعی اخلاقیات
یہ مصنوعی ذہانت کی وہ قسم ہے جس میں مخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال نظم و نسق کی دیکھ ریکھ اور اس کے چست درست رکھنے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کیا جاتا ہے،اس کے مقاصد میں شامل ہے۔
ذاتی رازداری: اس مشین کے ذریعے انسان کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے اور حاصل شدہ معلومات کے مطابق اس پر کارروائی کی جا سکتی ہے۔
خود مختار ہتھیار: مصنوعی ذہانت کی اس قسم کا استعمال خود مختار ہتھیاروں کے بنانے اور اس میں بہتری لانے کے لیے کیا جا سکتا ہے یعنی خود کار ایسے ہتھیار بنانے میں استعمال کئے جا سکتے ہیں جو انسانی مداخلت کے بغیر اپنے ہدف کو حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ مصنوعی ذہانت کی چند قسموں کی تفصیلات ہیں اور اس کے استعمال کے طریقے کا بیان ہے؛ آئے دن مصنوعی ذہانت کے سلسلے میں نئ تحقیقات ہو رہی ہیں اور اس کے انسانیت کے لئے مفید تر بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، مستقبل قریب میں اس میں مزید انقلابات دیکھنے کو ملیں گے، اس لئے اس کو سمجھئے تاکہ اس سے استفادہ و افادہ آسان ہو سکے۔
:پہلی قسط پڑھنے کے لئے لنک پر کلک کریں
https://alamir.in/masnoi-zihaanat-yani-artificial-intelligence-ki-qismen/
https://hamaritahzeeb.com/archives/427
عمدہ
معلوماتی مضمون
ماشاءاللہ
شکریہ و جزاک اللہ خیر
[…] میں اس کے نقصانات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ :یہ بھی پڑھیں https://alamir.in/masnoi-zihaanat-ki-qismen/ https://alamir.in/masnooi-zihaanat-yaani-artificial-inteligence/ http://مدارس میں آن […]